معاملے سے واقف پانچ امریکی حکام کے مطابق وائٹ ہاؤس، ایف بی آئی اور سی آئی اے سمیت اعلیٰ قومی سلامتی کے عہدیداروں نے حالیہ دنوں میں اس معاملے پر مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔ حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ایلس ہوانگ اور چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی (ایم ایس ایس) سے وابستہ افراد کے ساتھ ان کے رابطوں سے متعلق معلومات جمع کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کے حکام کا مؤقف ہے کہ دستیاب انٹیلی جنس معلومات سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ایلس ہوانگ چینی انٹیلی جنس کی افسر یا اس کے لیے کام کرنے والی ایجنٹ ہیں۔ دوسری جانب سی آئی اے کا کہنا ہے کہ موجودہ معلومات سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات حاصل کیں یا چین کو منتقل کیں، تاہم ادارے نے مزید شواہد سامنے آنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

امریکی حکام کے ایک حلقے کا خیال ہے کہ ایلس ہوانگ کے چینی خفیہ ادارے سے رابطے ہی بیجنگ کے ساتھ ان کے تعاون کی نشاندہی کرتے ہیں، چاہے انٹیلی جنس معلومات میں حساس معلومات کی منتقلی کا ثبوت موجود نہ ہو۔

اس سے قبل نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر مارکو روبیو کی جانب سے رواں سال تیار کی گئی ایک خفیہ یادداشت میں ایلس ہوانگ کو چینی خفیہ ادارے کی جانب سے بھرتی کیے جانے کا ذکر کیا گیا تھا اور انہیں ممکنہ طور پر ایک ایجنٹ قرار دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ انٹیلی جنس معلومات کانگریس کے ساتھ بھی شیئر نہیں کی گئیں۔ وائٹ ہاؤس، سی آئی اے، ایف بی آئی اور امریکی محکمہ خارجہ نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ چین نے جاسوسی کے الزامات مسترد کیے ہیں۔

انٹیلی جنس معلومات شیئر کرنے پر بھی سوالات

امریکی اداروں کے درمیان اختلافات نے ٹرمپ انتظامیہ میں خفیہ معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ موجودہ اور سابق انٹیلی جنس حکام کے مطابق انتظامیہ میں خفیہ معلومات پہلے کی نسبت کم اداروں کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں اور ان پر مشترکہ بحث بھی محدود ہوگئی ہے۔

نیشنل سکیورٹی کونسل، جو ماضی میں حساس معاملات پر مختلف اداروں کے حکام کو اکٹھا کرکے انٹیلی جنس معلومات کا جائزہ لیتی تھی، اب پہلے کی نسبت کم اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ اور این ویڈیا کے معاملے پر مختلف اداروں کے کابینہ سطح کے حکام کا مشترکہ اجلاس بھی نہیں ہوا۔

سی آئی اے کے تجزیے کے مطابق چینی شہری ہونے کی وجہ سے ایلس ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس اداروں سے رابطہ چینی قانون کے تحت تعاون کی لازمی شرائط سے بھی متعلق ہوسکتا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹوں میں ایلس ہوانگ کے سابق ادارے میگاسپیڈ میں کردار اور امریکی چپس چین منتقل کیے جانے کے معاملے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ بعض حکام کا خیال ہے کہ یہ سرگرمیاں این ویڈیا کے سربراہ کے مبینہ ذاتی تعلقات سے زیادہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہوسکتی ہیں۔ تاہم میگاسپیڈ نے کہا ہے کہ وہ امریکی برآمدی پابندیوں کی پابندی سمیت قانونی کاروباری سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ میں مختلف مؤقف

رپورٹ کے مطابق این ویڈیا کے بورڈ کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں ہوانگ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد امریکی انتظامیہ کے مختلف عہدیداروں کے بیانات میں تضاد سامنے آیا۔

صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش سے بات چیت کے بعد کہا تھا کہ جینسن ہوانگ قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ دوسری جانب نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جے کلیٹن نے کہا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ایلس ہوانگ چینی جاسوس ادارے کی ایجنٹ تھیں یا نہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے انٹیلی جنس معلومات کے حوالے سے وینس، بلانش اور کلیٹن سے بات چیت کی اور ان سے پوچھا کہ آیا ہوانگ کسی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں اور کیا وہ امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلانش نے وینس کو بتایا کہ ہوانگ سے کوئی خطرہ نہیں، جبکہ مارکو روبیو ان بات چیت میں شامل نہیں تھے اور ہوانگ کی دوبارہ تقرری کے فیصلے پر حیران رہ گئے تھے۔

جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی ہے، تاہم انہوں نے مبینہ تعلقات کی تفصیلات پر عوامی سطح پر بات نہیں کی۔ ایلس ہوانگ سے رابطے کی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوسکیں۔