ذرائع کے مطابق حکومتی چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور اپوزیشن چیف وہپ عامر ڈوگر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عامر ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف نے ابھی تک کمیٹی میں شمولیت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی طرف سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
دوسری جانب ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کا کمیٹی میں یکساں نمائندگی کا مطالبہ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے عامر ڈوگر سے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف واضح کرے کہ آیا وہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہونا چاہتی ہے یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق طارق فضل چوہدری نے خبردار کیا کہ تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر بھی کمیٹی تشکیل دینے کا آپشن موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا غیر سنجیدہ رویہ کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر کا سبب بن رہا ہے اور اس کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی وجہ سے کمیٹی کی تشکیل غیر معینہ مدت تک مؤخر نہیں کی جاسکتی۔
حکومتی چیف وہپ نے یہ بھی کہا کہ بظاہر تحریک انصاف آئندہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔
تاہم ملاقات کے دوران کمیٹی کی تشکیل اور تحریک انصاف کی شمولیت سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔ یوں انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا معاملہ ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔







