کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق جمعرات کو ہونے والے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے دو اطالوی شہری دورانِ علاج دم توڑ گئے۔

کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان کرنل سعود العطوان نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے دونوں اطالوی شہری اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے۔

کویتی فوج نے اس سے قبل بتایا تھا کہ حملے میں زخمی ہونے والے چاروں افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ زخمیوں میں ایک کویتی، دو اطالوی اور ایک پاکستانی شہری شامل تھے۔

بیان کے مطابق حملے میں کویت کی ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے چار افراد زخمی ہوئے تھے۔

کرنل سعود العطوان کا کہنا تھا کہ کویتی مسلح افواج نے جمعرات کو ملک کی فضائی حدود میں متعدد مشتبہ ڈرونز کی نشاندہی کی اور انہیں روکنے کے لیے کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ کویتی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ضروری اقدامات جاری رکھیں گی۔

دوسری جانب اطالوی خبر رساں ادارے ’اے این ایس اے‘ نے بھی حملے میں زخمی ہونے والے دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔