عمان کے دارالحکومت مسقط میں جمعرات کو کھیلے گئے آل پاکستان فائنل میں رانا عرفان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے محمد آصف کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے شکست دی۔

رانا عرفان نے پہلے ہی فریم سے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور محمد آصف کو ایک بھی فریم جیتنے کا موقع نہیں دیا۔

انہوں نے پہلے فریم میں 56 پوائنٹس کا بریک کھیلتے ہوئے 46-96 سے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد دوسرا فریم 48-67 سے جیت کر اپنی برتری دگنی کرلی۔


تیسرے فریم میں رانا عرفان نے 1-61 سے کامیابی حاصل کی، جب کہ چوتھے فریم میں 68 پوائنٹس کا بریک کھیلتے ہوئے محمد آصف کو 12-91 سے شکست دی۔

رانا عرفان نے پانچواں فریم بھی 6-69 سے جیت کر ورلڈ کپ آف اسنوکر کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

ایونٹ میں پاکستانی کیوئسٹس کی مجموعی کارکردگی بھی نمایاں رہی۔ ورلڈ کپ میں شریک چاروں پاکستانی کھلاڑیوں محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

سیمی فائنل میں پہنچنے والے چار کھلاڑیوں میں سے تین کا تعلق پاکستان سے تھا، جب کہ رانا عرفان اور محمد آصف نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرکے پاکستان کی ٹائٹل جیت یقینی بنادی تھی۔