منصوبے کی ابتدائی فزیبلٹی اور منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق اس منصوبے پر 624 ارب 97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت لاہور اور راولپنڈی کے درمیان تقریباً 290 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا، تاکہ ٹرینیں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکیں۔ موجودہ ٹریک کے ساتھ ایک نئی ریلوے لائن بچھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

یہ ریلوے کوریڈور لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، چکوال اور راولپنڈی کو آپس میں منسلک کرے گا، جس سے ان شہروں کے درمیان سفری رابطوں میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

منصوبے میں راستے میں آنے والے 38 ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیرِ نو بھی شامل ہے۔ اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم وسیع کیے جائیں گے اور انہیں جدید ٹرانسپورٹ مراکز میں تبدیل کیا جائے گا۔

ان اسٹیشنوں پر خودکار ٹکٹنگ سسٹم اور پارک اینڈ رائیڈ جیسی سہولیات فراہم کرنے کی تجویز ہے، تاکہ مسافر ریلوے کے ساتھ دیگر ذرائع آمدورفت سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

اس کے علاوہ دینہ سے سوہاوہ کے درمیان تقریباً 50 کلومیٹر کے حصے میں ریلوے ٹریک پر اوور پاسز تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

ٹرینوں کی محفوظ اور بہتر آمدورفت کے لیے جدید یورپی ٹرین کنٹرول ٹیکنالوجی، مرکزی ٹریفک کنٹرول سسٹم اور فائبر آپٹک کمیونیکیشن نصب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو بھی جدید بنایا جائے گا۔

منصوبے کی فزیبلٹی میں مسافروں کی متوقع تعداد، ممکنہ آمدن اور ٹرینوں کے آپریشن اور مرمت کے اخراجات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے، تاکہ اس کی مالی اور معاشی افادیت کا تعین کیا جا سکے۔