قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل سے پہلے پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے مسلم کھلاڑیوں اور اسٹاف ارکان نے ایک ساتھ نمازِ جمعہ ادا کی۔
یہ منظر جمعہ 27 نومبر کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں دیکھنے کو ملا، جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر باجماعت نماز ادا کی۔
عام طور پر کرکٹ کے میدان میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے والے ان کھلاڑیوں کو اس طرح ایک ساتھ دیکھنا شائقین کے لیے ایک خاص لمحہ بن گیا۔
نماز کی ادائیگی کے دوران بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔ کرکٹ شائقین اس منظر کو کھیل سے بالاتر اخوت، بھائی چارے اور باہمی احترام کی مثال قرار دے رہے ہیں۔
یہ ملاقات محض ایک مشترکہ نماز تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیل کے علاوہ مشترکہ مذہبی تعلق کی جھلک بھی دکھائی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے چند گھنٹے بعد دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں۔
مقابلے میں پاکستان شاہینز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیش اے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اب پاکستان شاہینز کا فائنل میں مقابلہ سری لنکا اے سے اتوار 29 نومبر کو ہوگا۔







