وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد میں بے شمار جانوں کی قربانیاں دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے آزادی کی تحریک میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جائز، قانونی اور منصفانہ حقِ خودارادیت کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گی، مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ موجودہ دور کے سنگین انسانی حقوق کے مسائل میں سے ایک ہے، جس پر عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، جبکہ وہاں کے عوام مختلف پابندیوں اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، خطے میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، جبکہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیر کے معاملے کو مؤثر انداز میں اٹھاتا رہے گا اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے کشمیر سے متعلق مؤقف کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اس مسئلے پر واضح اور اصولی موقف اختیار کیا، جبکہ پاکستان آئندہ بھی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی آزادی، امن اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان اور پاکستانی قوم ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ہر ممکن فورم پر ان کی آواز بلند کرتی رہے گی۔