وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کی کاپی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے۔

چوہدری سالک حسین کے ساتھ نجی ٹی وی چینل کے میزبان نعیم اشرف بٹ اور چینل کے چیئرمین محمد اقبال کو بھی قانونی نوٹس ارسال کیا گیا ہے جب کہ نجی نیوز کے انٹرویو میں پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے پر قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے۔

متن میں لکھا گیا ہے کہ انٹرویو میں پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے گئے، چوہدری سالک حسین نے انٹرویو میں پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور کرپشن کی فائلوں کا ذکر کیا تھا۔

چوہدری سالک حسین نے انٹرویو میں پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور کرپشن کی فائلوں کا ذکر کیا تھا،مریم نواز کے وکیل کے مطابق چوہدری سالک حسین نے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا

قانونی نوٹس میں الزامات کو بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیا گیا، نجی نیوز کے میزبان پر بھی مبینہ طور پر بے بنیاد الزامات کو نشر کرنے اور بحث کو آگے بڑھانےکا الزام عائد کیا گیا ہے۔

قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انٹرویو میں کسی مستند واقعے، تحقیقات یا دستاویزی شکایت کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پنجاب حکومت اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا مؤقف اختیار کیا گیا۔


منگل کو اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک کہتے ہیں پنجاب میں کرپشن کیسز سے الماریاں بھری ہیں، میں چوہدری سالک کو پنجاب حکومت کی کرپشن سے متعلق دعوے پر ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، الزام لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں، اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، جھوٹے الزام نہیں سنوں گی اور عدالت میں گھسیٹوں گی

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اتنی کرپٹ ہے تو وہ اس میں وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں، میں کسی کی نہیں سنتی، پنجاب میں افسران کو میرٹ پر لگاتی ہوں، جو سفارش پرآتا ہے تو ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے، چوہدری سالک کو مرضی کا ڈی سی گجرات نہ لگنے پرتکلیف ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چوہدری سالک کہتے ہیں سب سے بہترین حکومت پرویزالہیٰ کی تھی مگر جب بارش میں گجرات گئی تو اتنا پانی تھا کہ میری گاڑی ڈوب گئی جب کہ گجرات میں نکاسی آب کا کام چوہدریوں نے نہیں کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے، اپنے بیان پر قائم ہوں، اللہ غرور اور تکبر سے بچائے۔


چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ ڈی سی لگوانے کی کوئی بات نہیں، ڈی سی پہلے سے لگا ہوا ہے، انسان کے پاس اختیار آتا ہے تو اسے عاجز رہنا چاہیے، میں نے سچائی سے جواب دیا ہے، ان معاملات کا تعلق صوبوں کے حوالے سے نہیں۔