دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق پہلی کمیٹی نے قرارداد ’علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات‘ کو بغیر ووٹنگ کے منظور کیا۔
اسی طرح ’علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں کا کنٹرول‘ کے عنوان سے پیش کردہ قرارداد کے حق میں 180 ووٹ آئے۔
اس سے قبل پاکستان کی قرارداد ’جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کی دھمکی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر بین الاقوامی انتظامات‘ بھی منظور کرلی گئی تھی، جس کے حق میں 122 ووٹ آئے جب کہ کسی ملک نے مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ میں روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول، اعتماد سازی اور علاقائی سطح پر تخفیف اسلحہ کے اقدامات کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اسلحہ کنٹرول کے نظام کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں یہ قراردادیں خطرات کم کرنے، باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور عالمی و علاقائی امن و استحکام کے لیے تعاون پر مبنی عملی راستے فراہم کرتی ہیں۔







