چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے غیر قانونی شیشہ کیفوں کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران حکم دیا کہ نئے قواعد و ضوابط کی تیاری تک اسلام آباد میں کوئی شیشہ کیفہ کھلا نہیں رہ سکے گا۔ پابندی کا اطلاق انڈور اور آؤٹ ڈور، تمام اقسام کے شیشہ کیفوں پر ہوگا۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو پہلے سے جاری این او سیز واپس لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ کیس کی سماعت شہری عبدالجبار کی جانب سے دائر درخواست پر ہوئی تھی۔

اس سے قبل 15 جولائی 2026 کو سماعت کے دوران عدالت نے حکام سے شیشہ کیفوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، جب کہ 9 ستمبر کو متعلقہ حکام کو ایک ماہ کے اندر شیشہ کیفوں سے متعلق قواعد و ضوابط تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اعلان کیا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے نئے قواعد متعارف ہونے تک تمام شیشہ کیفے بند رہیں گے۔ انہوں نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آج رات سے کریک ڈاؤن شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔