آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 37 ہزار 836 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 572 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 75 ہزار 373 روپے ہوگئی، جبکہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 628 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 43 ہزار 712 روپے ریکارڈ کی گئی۔
سونے کی قیمت میں کمی کے ساتھ مقامی مارکیٹ میں چاندی کے نرخ بھی کم ہوگئے۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 172 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 360 روپے، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 148 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 452 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی اونس سونا 30 ڈالر سستا ہوکر 4 ہزار 153 ڈالر کی سطح پر آگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 13 اکتوبر کو مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 900 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 40 ہزار 836 روپے فی تولہ ہوگیا تھا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 71 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 77 ہزار 945 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس سے قبل 12 اکتوبر کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 100 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 800 روپے کی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 39 ہزار 936 روپے جبکہ 10 گرام سونا 3 لاکھ 77 ہزار 174 روپے کا ہوگیا تھا۔
ماہرین کے مطابق عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، عالمی معاشی صورت حال، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، جس کے باعث طلب میں اضافے سے سونے کی قیمت بڑھ سکتی ہے۔ دوسری جانب غیر یقینی صورت حال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے درمیان شرحِ تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔







