ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی خصوصی ہدایات پر ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل (CBC) کراچی اور ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل (ACC) کراچی نے الگ الگ کارروائیاں کیں، جن میں غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل نے الامین ٹاور، بلاک 10، گلشنِ اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے سید عاطف عباس زیدی کو غیر قانونی طور پر امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا۔
کارروائی کے دوران 23 ہزار 107 امریکی ڈالر، 45 ہزار سعودی ریال، ایک ارب 11 کروڑ 60 لاکھ ایرانی ریال، 33 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے، دو پرائز بانڈ، پانچ مہریں، دو چیک، چار آئی فون اور ایک رجسٹر برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 51/2026 متعلقہ قوانین کے تحت درج کر لی گئی ہے۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے انکوائری نمبر 79/2026 کی بنیاد پر دھوراجی کالونی، بہادرآباد میں چھاپہ مار کر الطاف ٹیلی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جب کہ اس کا ساتھی ارسل بھی کارروائی کی زد میں آیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
چھاپے کے دوران ایک کروڑ روپے نقد، مختلف ممالک کی بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسیاں، دو موبائل فون، جن سے ابتدائی طور پر قابلِ اعتراض مواد ملا، چیک بکس اور دیگر اہم دستاویزی شواہد برآمد کرکے تحویل میں لے لیے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (PPC) اور فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق دونوں مقدمات میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ ان غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس سے وابستہ دیگر سہولت کاروں، مالی معاونین اور شریک ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ایف آئی اے کراچی زون نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر قانونی فارن ایکسچینج، ہنڈی حوالہ، منی لانڈرنگ اور دیگر مالیاتی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ایسے تمام غیر قانونی نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔







