ملاقات میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران اپنی مقامی اور علاقائی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ امریکی دباؤ کے باعث مسلم ممالک کے درمیان مزید قربت اور روابط کو فروغ ملا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان تجارت، معیشت، سیاحت اور سیاست سمیت تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی تعاون کو مزید وسعت دے گا، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔







