بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو پشاور ہائیکورٹ میں بعض آئینی درخواستوں پر کارروائی معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد عدالتی معاملات میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، اس فیصلے کے باعث متعدد مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی اور سیاسی و عوامی حلقوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر پی ٹی آئی سے متعلق مقدمات ڈی لسٹ کردیے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ مقدمات کو اس طرح انتظامی بنیادوں پر فہرست سے خارج نہیں کیا جانا چاہیے تھا، بلکہ عدالت کو ان کی سماعت کرکے یہ طے کرنا چاہیے تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے حکم کا اطلاق کن مقدمات پر ہوتا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کی وضاحت ضروری ہے تاکہ مقدمات میں پیش رفت رکنے سے متعلق ابہام دور کیا جاسکے، عدالت کو باقاعدہ سماعت کے ذریعے حکم کے دائرہ کار اور اس کے قانونی اثرات کا تعین کرنا چاہیے تھا، کیونکہ اس معاملے سے متعدد درخواست گزاروں کے قانونی حقوق اور مقدمات کی کارروائی متاثر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریک انصاف وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرے گی اور 5 نومبر کے فیصلے کے تحت جاری حکم امتناع واپس لینے کی درخواست دائر کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو دور کرنا اور زیرِ سماعت مقدمات کے حوالے سے واضح قانونی صورت حال حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو جاری کیے گئے اپنے فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت ہونے والی گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت بعض آئینی درخواستوں اور پی ٹی آئی سے متعلق مقدمات کی کارروائی متاثر ہوئی، جس پر بیرسٹر گوہر نے قانونی پیچیدگیوں اور عدالتی سماعتوں کے التوا پر اپنے تحفظات سامنے رکھے ہیں۔