فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق بعض فیصلے سیاسی طور پر مشکل اور غیر مقبول ہوسکتے ہیں، تاہم ملک کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے میں وہ قدم اٹھایا جس کی ہمت ان سے پہلے آنے والے امریکی صدور نہیں کرسکے۔

امریکی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں اس بات پر اتفاق کریں گی کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران امریکا، اسرائیل، مشرق وسطیٰ اور عالمی برادری کے لیے ناقابل قبول خطرہ ہوگا، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا امریکی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور صدر ٹرمپ نے اسی خطرے کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا۔

مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات میں تاحال کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی، اس کی بنیادی وجہ تہران کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایسے مطالبات ہیں جنہیں واشنگٹن قابل قبول نہیں سمجھتا۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ثالث ممالک مختلف تجاویز کے ذریعے دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم اب تک ایسی کوئی صورت حال پیدا نہیں ہوئی جسے کسی بڑے سفارتی بریک تھرو سے تعبیر کیا جاسکے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستے کو ترجیح دیتے ہیں اور اگر ایران کے ساتھ کسی معاہدے کا امکان پیدا ہوتا ہے تو امریکا اس کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے۔ تاہم ان کے مطابق موجودہ صورت حال میں مذاکرات زیادہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہورہے، کیونکہ ایران کے بعض مطالبات امریکا کے نزدیک غیرحقیقت پسندانہ، ناقابل قبول اور غیر معمولی نوعیت کے ہیں۔

مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکا سفارتی کوششوں کے امکانات کو مکمل طور پر مسترد نہیں کررہا، لیکن فی الحال دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں اور جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کا فیصلہ کرے، بصورت دیگر ایران کی جانب سے سخت ترین جواب دیا جائے گا۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سفارتی محاذوں پر کشیدگی بدستور برقرار ہے، جبکہ ثالثی کی کوششوں کے باوجود کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے میں مشکلات درپیش ہیں۔