وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت پر شدید تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی شہری پہلے ہی طویل عرصے سے جنگ اور تباہی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ بنیادی ضروریات زندگی تک رسائی محدود ہونے سے ان کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے ان بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جن کے پاس سر چھپانے کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ یہ بچے بے یار و مددگار حالت میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں بھوک، شدید سردی اور غیر محفوظ ماحول جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق بچوں اور دیگر کمزور طبقات کو اس صورت حال میں فوری تحفظ اور انسانی امداد کی ضرورت ہے،
وزیراعظم نے غزہ میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں اضافے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ بارشوں کے نتیجے میں ہزاروں عارضی خیمے متاثر ہوئے ہیں، جس سے پہلے ہی بے گھر افراد کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مناسب رہائش، خوراک، گرم کپڑوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی نے متاثرہ خاندانوں کی زندگی مزید دشوار بنا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کرنا ناگزیر ہے تاکہ متاثرہ فلسطینیوں تک خوراک، ادویات، خیمے اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جاسکے۔ وزیراعظم کے مطابق عالمی قوانین اور انسانی اصولوں کا تقاضا ہے کہ جنگ سے متاثرہ شہریوں کو امداد سے محروم نہ رکھا جائے اور ان کی جان و سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی غرض سے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کیے جائیں اور متاثرہ فلسطینی عوام تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے متعلقہ فریقوں اور عالمی اداروں کے ساتھ رابطے مؤثر بنائے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے اور انہیں ضروری انسانی امداد کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔







