پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن نجی ٹی وی چینل 92 نیوز میں کام کرتی تھیں اور انہوں نے واقعے سے قبل رات کو ٹی وی پر اپنا آخری پروگرام کیا تھا۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے گلشن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے اور ان کی لاش گھر کے بیڈ روم سے ملی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کو سامنے سے گردن کے نیچے ایک گولی لگی تھی۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔

سی پی او کے مطابق جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ مقتولہ کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ قتل سے متعلق شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر کو بھی تفتیش میں شامل کیا گیا ہے۔ پولیس اس پہلو کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا خاتون اینکر پرسن کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا یا نہیں۔