یہ رجحان ملک میں حالیہ برسوں میں شمسی توانائی کی ریکارڈ تنصیبات کی عکاسی کرتا ہے، جس سے بعض صارفین کے لیے بجلی کے بل کم ہوئے اور ماحولیاتی اخراج میں کمی آئی۔ تاہم گرڈ پر مبنی بجلی کی طلب میں کمی کی وجہ سے کچھ یوٹیلٹیز مالی دباؤ میں ہیں۔
برازیل میں منعقدہ COP30 ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر پاکستان کی سیکریٹری برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی عائشہ موریانی نے بتایا کہ دن کے بعض اوقات میں گرڈ سے منسلک بجلی کی طلب منفی ہو سکتی ہے کیونکہ بیک-دی-میٹر سولر پیداوار مکمل طور پر گرڈ کی کھپت کو پورا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ اور آسٹریلیا میں کبھی کبھار سولر کی زیادتی اور کم طلب کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں منفی ہو جاتی ہیں، اور پاکستان ابتدائی بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں شامل ہوگا جہاں کچھ صنعتی علاقوں میں چھتوں پر نصب سولر پیداوار **طویل عرصے تک گرڈ کی طلب سے زیادہ رہ سکتی ہے۔
لاہورمیں منفی طلب کے امکانات سب سے زیادہ ہیں، جس کے بعد فیصل آباد اور سیالکوٹ آتے ہیں، جہاں صنعتی علاقوں میں سولر کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں : لاہور کو نیا معاشی مرکز بنانے کی تیاریاں شروع، سی بی ڈی پنجاب کا 1.8 ارب ڈالر کا ترقیاتی منصوبہ منظور کرلیا گیا
عائشہ موریانی نے مزید بتایا کہ پاکستان کے 2.5 کروڑ افراد بجلی کی بندش اور نرخوں میں اضافے کے باعث سولر اپنانے پر مجبور ہوئے، اور ملک دنیا کا تیسرا سب سے بڑا سولر پینل درآمد کنندہ بن گیا، جبکہ پیداوار میں سولر کا حصہ چین سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔
پاکستان بڑے سولر صارفین کے لیے نئے ٹیرف متعارف کروانے اور فیس کے ڈھانچے میں تبدیلیاں کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے تاکہ پینلز رکھنے والے کاروبار گرڈ کے دیکھ بھال کے اخراجات میں حصہ ڈال سکیں۔
عائشہ موریانی کے مطابق، اس سال پاکستان میں گرڈ سے منسلک بجلی کی طلب 3-4 فیصد بڑھنے کی توقع ہے، جو تاریخی اوسط سے کم ہے۔ اگلے سال کھپت میں زیادہ تیزی متوقع ہے، لیکن زیادہ سولر پیداوار اس پر اثر ڈال سکتی ہے۔
سولر کے بڑھتے استعمال نے پاکستان کو قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے دوبارہ کرنے اور اٹلی کی کمپنی ENI سے فراہم ہونے والے کارگو منسوخ کرنے پر مجبور کیا ہے۔
کاپ 30 کے دوران قطر کے ساتھ کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہوئے، لیکن یہ ایونٹ توانائی کے وزراء اور تجارتی نمائندگان کے ساتھ بات چیت کے لیے اہم سفارتی موقع فراہم کرتا ہے۔







