امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ ڈنر کے دوران پیش آیا، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود ایک مسلح شخص نے تقریب کے مقام تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی،31 سالہ ملزم کول ٹوماس ایلن اسلحہ اور چاقوؤں کے ساتھ سیکیورٹی حصار عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

جیسے ہی ملزم نے سیکیورٹی رکاوٹ توڑنے کی کوشش کی، موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں اور خفیہ ادارے کے افسران نے فوری ردعمل دیا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے تقریب میں شریک مہمانوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا اور وہ کسی نقصان سے محفوظ رہے۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے واقعے سے کئی ہفتے قبل ہی منصوبہ بندی شروع کر دی تھی۔ تفتیشی حکام کے مطابق اس نے واشنگٹن میں ایک ہوٹل کا کمرہ پہلے سے بک کروایا اور کیلیفورنیا سے ٹرین کے ذریعے دارالحکومت پہنچا۔ ملزم کے قبضے سے ایک شاٹ گن اور پستول بھی برآمد ہوا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حملہ اچانک نہیں بلکہ مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیا جانا تھا۔

مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ ایران کی تجویز سے خوش نہیں، امریکی عہدے دار

واقعے کے دوران ایک سیکیورٹی افسر زخمی بھی ہوا، تاہم بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے وہ کسی بڑے نقصان سے بچ گیا، فائرنگ کے تبادلے سے متعلق مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جن میں چلائی گئی گولیوں کی تعداد اور ان کے رخ کا تعین شامل ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف شواہد کافی مضبوط ہیں، جس کی بنیاد پر اسے ضمانت نہ دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو جوڈیشل حراست میں بھیج دیا۔

امریکی محکمہ انصاف نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی شخصیات کے خلاف تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی، واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نیٹ ورک یا معاونت کرنے والوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سالانہ تقریب کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ آئندہ کے لیے صدارتی تقاریب کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ یہ واقعہ امریکا میں سیاسی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک نیا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، جس کے اثرات مستقبل کی پالیسیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔