پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں انڈین سرپرستی میں سرگرم 6 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہید نائیک غلام مرتضیٰ کی عمر 36 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع گجرات سے تھا، جب کہ شہید سپاہی تاثیر احمد کی عمر 30 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں عزمِ استحکام کے تحت پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے، جب کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔







