ریسکیو حکام کے مطابق رکھالہ روڈ پر گاڑی کھائی میں گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ گاڑی میں بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 14 افراد سوار تھے۔ متاثرہ خاندان کے دیگر 7 افراد جھلسنے کے باعث زخمی ہیں۔ فیملی شادی کی تقریب سے واپس آرہی تھی۔
یاد رہے کہ جون 2026 میں مری ایکسپریس وے پر سیاحوں کی ایک وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ حادثہ مری ایکسپریس وے پر کہجوٹ کے قریب پیش آیا تھا، جس میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مسافر وین تیز رفتاری کے باعث پہلے بے قابو ہوکر سڑک کی حفاظتی دیوار سے ٹکرائی۔ دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں گاڑی کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور پیٹرول لیک ہونے کی وجہ سے پوری وین سیکنڈوں میں آگ کی لپیٹ میں آگئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اندر موجود مسافروں کو گاڑی سے نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے جانی نقصان ہوا۔ حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے 8 افراد کو فوری طور پر پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا۔







