وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں اسکیم کی پیشرفت، رجسٹریشن کے عمل، سبسڈی کی ادائیگیوں اور مستحق شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا کہ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا متعلقہ اداروں اور پیٹرول پمپس کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایسے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو فیول ریلیف پروگرام میں رجسٹرڈ مستحقین کو سبسڈی فراہم نہیں کر رہے، خلاف ورزی کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں تاکہ اسکیم کے تحت عوام کو ملنے والی سہولت میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے کے نتیجے میں پروگرام میں شہریوں کی شمولیت میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے استعمال سے سبسڈی کی شفاف اور مؤثر فراہمی کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے دیگر اقدامات کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت اب تک 15 لاکھ 51 ہزار 928 شہری رجسٹر ہوچکے ہیں۔ رجسٹرڈ مستحقین میں موٹرسائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں، جنہیں پروگرام کے تحت فیول سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 ٹوکن استعمال ہوئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام سے متعلق شہریوں کو معلومات فراہم کرنے اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز کے ذریعے شہریوں کو اسکیم کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے اور پیٹرول پمپس کو درپیش مسائل کے حل میں مدد فراہم کی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے پروگرام کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام اور کارآمد ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں اسکیم کی نگرانی، شفافیت اور مستحقین تک سبسڈی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، مصدق ملک، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔