بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی حلیمہ 2013 میں اسلام آباد میں لاوارث حالت میں ملی تھیں۔ اردو زبان سے ناواقفیت کے باعث وہ اپنی شناخت، آبائی علاقے اور اہلِ خانہ کے بارے میں مکمل معلومات فراہم نہیں کر پا رہی تھیں۔ اس صورتحال میں انہیں عارضی رہائش اور دیکھ بھال کے لیے ایدھی سینٹر منتقل کردیا گیا، جہاں وہ گزشتہ کئی برس سے مقیم تھیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے منصوبے ’میرا پیارا‘ کی ٹیم نے حلیمہ کی فراہم کردہ محدود معلومات کی بنیاد پر ان کے اہلِ خانہ کی تلاش کا آغاز کیا۔ اس دوران خاتون کے آبائی گاؤں، رشتہ داروں کے ناموں اور دیگر دستیاب تفصیلات کو بنیاد بنا کر مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کی گئیں۔
تلاش کے اس عمل میں سوشل میڈیا، بنگلہ دیش کی مقامی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے رابطے کیے گئے، جبکہ معلومات کی تصدیق کے لیے بھی مسلسل کوششیں جاری رکھی گئیں۔ طویل جدوجہد کے بعد بالآخر بنگلہ دیش میں حلیمہ کے بیٹے اور بھتیجے کا سراغ مل گیا۔
سیف سٹی ٹیم نے بنگلہ دیشی حکام اور خاتون کے اہلِ خانہ سے رابطہ کرکے دستیاب معلومات کا باقاعدہ تبادلہ کیا اور ان کی تصدیق کے بعد خاندان تک رسائی ممکن بنائی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی کئی دہائیوں سے اپنے پیاروں سے بچھڑی خاتون کے اہلِ خانہ کی تلاش کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا منصوبہ ’میرا پیارا‘ گمشدہ اور لاوارث افراد کی شناخت اور ان کے خاندانوں کی تلاش کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی، دستیاب معلومات اور مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے بچھڑے ہوئے افراد کو ان کے اہلِ خانہ تک پہنچانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ’میرا پیارا‘ ٹیم 40 سال سے اپنے خاندان سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون کوہ نور کے اہلِ خانہ کو تلاش کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ حلیمہ کے خاندان کی تلاش بھی اسی سلسلے کی ایک اور اہم پیش رفت ہے، جو ظاہر کرتی ہے کہ مسلسل کوششوں اور اداروں کے تعاون سے سرحدوں سے دور رہنے والے خاندانوں تک بھی رسائی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ’میرا پیارا‘ منصوبہ بلاامتیاز انسانی خدمت کے جذبے کے تحت کام کر رہا ہے اور اس کا مقصد گمشدہ افراد کو ان کے پیاروں سے ملانا ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کوئی گمشدہ یا لاوارث شخص نظر آئے تو فوری طور پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں اور آپشن 3 منتخب کریں، تاکہ متعلقہ ٹیم بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شخص کی شناخت اور اہلِ خانہ کی تلاش میں مدد فراہم کرسکے۔







