نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا، جس میں مذاکرات اور آئندہ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے ماہرین کا اجلاس آج بدھ کو طے تھا، تاہم حکومت نے متعلقہ ڈیٹا کی حتمی تیاری کے لیے ایک دن کی مہلت طلب کی، جس کے بعد اجلاس کل منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دونوں کمیٹیاں پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے مرحلہ وار خاتمے کے حوالے سے معاہدے کا مسودہ تیار کریں گی۔ حکومت کی جانب سے لیوی کے مرحلہ وار خاتمے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے، جب کہ ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو ریلیف دینے کی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔

لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے مسودے کا جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان خود جائزہ لیں گے۔ حافظ نعیم الرحمان اور دیگر جماعتی قائدین سے مشاورت کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

حتمی معاہدے کے مسودے کی منظوری حکومت اور جماعت اسلامی کی قیادت دے گی۔