ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز محمد رضوان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا امتزاج پیش کیا۔ وہ 252 گیندوں پر 200 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 35 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ رضوان کی یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں دوسری ڈبل سنچری ہے، جسے انگلینڈ کے دورے کے بعد ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں واپسی قرار دیا جارہا ہے۔

محمد رضوان ان سات کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ سے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔ دورے کے دوران پیش آنے والے معاملات پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔ انگلینڈ میں رضوان کی بیٹنگ کارکردگی بھی متاثر کن نہیں رہی تھی، جہاں انہوں نے چار اننگز میں مجموعی طور پر صرف 61 رنز بنائے تھے۔

قائداعظم ٹرافی میں رضوان کی بڑی اننگز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ میں کارکردگی، اسکواڈ میں تبدیلیوں اور ڈریسنگ روم کے مبینہ مسائل سے متعلق بحث جاری ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں دوبارہ کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد رضوان نے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

پشاور بلیوز نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 306 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ رضوان نے اپنی اننگز جاری رکھتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو 503 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد پشاور نے 115.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ گزشتہ روز سنچری بنانے والے نجاب خان 133 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ محمد حارث نے 69 گیندوں پر ناقابلِ شکست 70 رنز بنائے۔ حارث کی اننگز میں نو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

جواب میں فیصل آباد نے دن کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنالیے۔ اوپنرز فہم الحق 31 اور سمیر ثاقب 25 رنز بنا کر محمد عدنان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ عاصم علی ناصر 35 اور عتیق الرحمان 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور جمعرات کو کھیل دوبارہ شروع کریں گے۔

دوسری جانب لاہور وائٹس اور فاٹا کے درمیان اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں جاری میچ میں بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ لاہور وائٹس کی ٹیم فاٹا کے پہلی اننگز کے 362 رنز کے جواب میں 49.2 اوورز میں 234 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور اسے 128 رنز کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔

فاٹا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فواد ارشد نے 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ لاہور وائٹس کے نوجوان فاسٹ بولر حماد عزیز نے 97 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ فاٹا کی بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور آفاق آفریدی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ بابر اعظم آفاق آفریدی کا شکار بنے۔ دن کے اختتام پر فاٹا نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 22 رنز بنالیے تھے۔

راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان نے اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں برتری حاصل کرلی۔ اسلام آباد کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 215 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس کے جواب میں ملتان کی ٹیم ابتدائی مشکلات کے باوجود سات وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز تک پہنچ گئی۔

ملتان کے پانچ کھلاڑی صرف 88 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے، تاہم عمران رفیق نے 93 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ شارون سراج نے بھی 82 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی جانب سے موسیٰ خان نے 31 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد کے نیشنل گراؤنڈ میں کراچی بلیوز اور سیالکوٹ بلیوز کے درمیان مقابلے میں کراچی نے پہلی اننگز میں 280 رنز بنائے اور 39 رنز کی برتری حاصل کی۔ کراچی بلیوز کی جانب سے محمد غازی غوری 88 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں سیالکوٹ بلیوز نے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 13 رنز بنالیے تھے۔

قائداعظم ٹرافی کے مختلف مقابلوں میں جہاں کئی ٹیمیں پہلی اننگز کی برتری حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، وہیں محمد رضوان کی ڈبل سنچری ٹورنامنٹ کے دوسرے روز کی نمایاں کارکردگی رہی۔