پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہنگو میں 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے 2 بہادر افسران بھی جام شہادت نوش کرگئے۔
شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران 4 جوان بھی شہید ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 2 افسران سمیت 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک کے دفاع اور قوم کی حفاظت کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر اپنا فرض ادا کرتی رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 8 خوارج کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے فتنۃ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ شہدا نے قوم کے مستقبل اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پوری قوم اپنے بہادر شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن عزم استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔







