وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اس فیصلے کا مقصد خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی سہل انجام دہی اور گورننس کو مزید بہتر بنانا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا ایمرجنسی کی مدت کے دوران روزمرہ کے امور کی انجام دہی کے لیے ان اختیارات کا استعمال کریں گے۔
بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا ان اختیارات کے استعمال کے حوالے سے ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔ وفاقی کابینہ نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل، گورنر خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں یقینی بنائے گی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کردی۔ پاکستان اور کویت کے مابین دفاعی تعاون کا معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ کویتی حکومت نے 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کی تھی۔
اجلاس میں وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس معاملے پر تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی فیچرز میں اضافہ کرنے کے ساتھ جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے نوٹوں کی استعمال کی معیاد میں بھی اضافہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ نے دس روپے کے بینک نوٹ کی جگہ دس روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں (CCOSOEs) کے 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز (CCLC) کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست، جبکہ 11 اور 22 ستمبر کو ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔







