وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو میں ہونے والے فراڈ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی تھی، جس کی رپورٹ آج وفاقی کابینہ نے منظور کرلی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رپورٹ میں منصوبے کا نام تبدیل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، کیونکہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کا نام بھی مبینہ طور پر جعل سازی کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے میں تمام قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا، جب کہ بے ضابطگیوں کے معاملے میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بھی کوتاہی برتی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو پر پہلی عمارت وزارت خارجہ کی ہے، جب کہ منصوبے کے متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ سہولت کاری کے باعث لوگوں کو لوٹا گیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ریفرنس دائر کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو لوٹا گیا، ان کا کوئی قصور نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے نیب کو سفارشات بھجوانے کی تجویز دی ہے، جب کہ نیب میرٹ پر تحقیقات کرے گا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کردیا جائے گا اور اس منصوبے پر کام مہینوں کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آج کابینہ اجلاس میں ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ منظور کرلی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہمارے پاس قانونی طور پر قبضہ آگیا ہے۔ اسلام آباد میں زمینوں پر جس طرح قبضے کیے گئے، وہ بتا نہیں سکتے، جب کہ ایف سکس اور ایف سیون میں لوگوں نے لانز پر بھی قبضے کر رکھے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ یہ کام چند ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے۔

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ متاثرین کو ان کی واجب الادا رقم ادا کردی جائے گی۔