وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 5 نومبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 6 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 369 روپے 6 پیسے سے کم ہوکر 362 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 71 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 391 روپے 52 پیسے سے کم ہوکر 387 روپے 81 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 5 نومبر 2026 تک ایک روز کے لیے ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 33 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 29 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 4 نومبر کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 369 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 3 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 76 پیسے کی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 374 روپے 51 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 30 اکتوبر کو حکومت نے 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا اور اسے 377 روپے 91 پیسے پر برقرار رکھا گیا تھا، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 402 روپے 96 پیسے ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔







