سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک صاحب ان کے لیے بہت محترم ہیں اور ان کے بزرگوں کا انہیں اپنے بزرگوں جیسا احترام ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک کا پنجاب میں کرپشن کے متعلق بیان ان کی ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے۔ کرپشن ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور تمام مرکزی و صوبائی سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک ماشاءاللہ مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں اور دونوں حکومتوں کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، الحمدللہ، مل کر جہاد کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر یہ بیان مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کے تحت مریم نواز کی حکومت کو ہدف بنا کر پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے جگہ بنائی جائے اور سیاسی مستقبل محفوظ کیا جائے، تو پھر بات سمجھ میں آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز جس طرح پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں کی خدمت کر رہی ہیں اور پنجاب حکومت خدمت کے جو نئے معیار قائم کر رہی ہے، وہ مخالفین کے لیے ایک مشکل چیلنج ہوگا۔

یاد رہے کہ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے ایک پروگرام میں چوہدری سالک نے الزام عائد کیا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں وہ روزانہ سنتے ہیں اور ان میں صداقت بھی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں کرپشن کی فائلوں سے الماریاں بھر گئی ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کے پاس اس حوالے سے براہ راست شواہد موجود نہیں ہیں۔

چوہدری سالک نے حکومت کے شاہانہ اخراجات، خصوصاً سرکاری طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے استعمال پر بھی سوال اٹھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وسائل کا ذاتی استعمال نہیں ہونا چاہیے اور ہر سرکاری دورے کے نتائج اور عوام کو ہونے والے فائدے سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔

اپنے بیان پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے چوہدری سالک نے کہا کہ اللہ غرور اور تکبر سے بچائے، وہ اپنے بیان پر قائم ہیں اور پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی لگوانے کی کوئی بات نہیں، ڈی سی پہلے ہی تعینات تھا۔ انسان کے پاس اختیار آتا ہے تو اسے عاجز رہنا چاہیے، انہوں نے سچائی سے جواب دیا اور پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے، ان معاملات کا تعلق صوبوں کے حوالے سے نہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کردیا۔ مریم نواز نے اٹک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری سالک کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ورنہ عدالت میں گھسیٹوں گی۔ آپ وفاقی وزیر ہیں، الزام نہ لگائیں بلکہ ثبوت پیش کریں، چوہدری سالک کو ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گی۔

" data-instgrm-version="14">

مریم نواز کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک کہتے ہیں کہ سب سے بہترین حکومت پرویز الٰہی کی تھی، لیکن جب وہ بارش میں گجرات گئیں تو اتنا پانی تھا کہ ان کی گاڑی ڈوب گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اگر حکومت اتنی کرپٹ ہے تو وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں؟ میں کسی کی نہیں سنتی، پنجاب میں افسران کو میرٹ پر تعینات کرتی ہوں، جبکہ سفارش پر آنے والے افسران ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتے ہیں۔