مقدمے کے مدعی اور ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس وقت یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا، وہ خود گھر میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کی والدہ اور بہن اسی گھر میں موجود تھیں، گھر کا ایک ملازم بھی واقعے کے وقت کمرے میں موجود تھا۔

خرم احمد کا کہنا تھا کہ ملزم احسن نے انہیں بتایا کہ وہ الماری سے کپڑے نکال رہے تھے کہ اسی دوران وہاں موجود پستول ان کے ہاتھ میں آگیا، ملزم کے مطابق اچانک گولی چل گئی جو ربیعہ احسن کی گردن کے قریب لگی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد جب وہ گھر پہنچے تو ان کی والدہ اور بہن نے انہیں بتایا کہ واقعے سے کچھ دیر پہلے ربیعہ اور ان کے شوہر ایک کمرے میں گئے تھے۔ اس سے قبل دونوں گھر کے صحن میں اہل خانہ کے ساتھ موجود تھے اور بظاہر ان کے درمیان کسی قسم کی تلخ کلامی یا اختلاف دکھائی نہیں دیا تھا۔

خرم احمد نے ملزم احسن کے حوالے سے کہا کہ وہ انہیں طویل عرصے سے جانتے ہیں اور ان کے بقول احسن ایک شریف آدمی ہیں، ملزم اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔

مقدمے کے مدعی کا مزید کہنا تھا کہ اتوار کے روز جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس حکام نے انہیں بتایا تھا کہ قانون کے مطابق وہ کسی بھی وقت مقدمہ واپس لینے کے حوالے سے فیصلہ کرسکتے ہیں۔ خرم احمد کے مطابق اب ان کے خاندان نے مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ، ان کی والدہ اور بہن اس مؤقف پر متفق ہیں کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھی۔

واقعے کے بعد اہل خانہ کے اس بیان اور مقدمہ واپس لینے کے فیصلے سے کیس میں ایک نئی پیش رفت ہوئی ہے، تاہم ملزم کے خلاف قانونی کارروائی اور واقعے کے اصل حقائق کا تعین تفتیشی عمل اور متعلقہ عدالتی کارروائی سے ہی ہوگا۔