ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا، جس میں وفاقی وزرا اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں حکام خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کے مسائل اور عوام کے تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبے کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آئینی آپشنز کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز پر پیش رفت کی صورت میں وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
اس سے قبل سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کے سابق قبائلی علاقوں سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ صوبے میں بعض اہم اختیارات وفاق کے پاس منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 کے تحت دستیاب اختیارات کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔







