خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز نے عمارات کے اہم حصوں کو کلیئر کرلیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے آپریشن کی قیادت کی، جبکہ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے بعد کامیابی حاصل کی۔

پولیس حکام کے مطابق کوہاٹ کے پرانا پولیس لائنز کی مسجد اور کمپلیکس کو رات ایک بج کر 20 منٹ کے قریب دہشتگردوں نے اس وقت نشانہ بنایا جب جمعے کی نماز ادا کی جا رہی تھی۔

پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے پہلے بارود سے بھری گاڑی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا۔ اس کے بعد مسلح دہشتگرد فائرنگ کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور کارروائی شروع کردی گئی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ 8 کے قریب دہشتگرد عمارت کے اندر داخل ہوئے تھے اور پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پولیس نے بروقت جوابی کارروائی شروع کی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے دہشتگردوں کو ایک ہی کمپاؤنڈ تک محدود کیا اور ان کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں 8 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جس کے بعد سرچ آپریشن کے ذریعے کمپاؤنڈ کو کلیئر کیا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو شاباش دی اور ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار نے قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر جوان قوم کا فخر ہیں، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے ہیں اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

کوہاٹ حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی، جس میں پولیس حکام اور کابینہ ارکان نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران پرانا پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

کوہاٹ پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق دہشتگردی کا واقعہ پرانا پولیس لائنز میں واقع مسجد میں پیش آیا، جہاں نمازی نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ اچانک زوردار دھماکا ہوا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی ایک روزہ دورے پر کوہاٹ روانہ ہوگئے، جہاں وہ کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز دھماکے کے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات اور تعزیت کریں گے۔

وزیراعلیٰ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کریں گے، جبکہ متعلقہ حکام سے واقعے اور جاری امدادی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ لیں گے۔