سوشل میڈیا پر وائرل اپنے پیغام میں فرحت خان نے کہا کہ ان کی بہن ڈاکٹر ماہ نور سرجری وارڈ میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی تھیں کہ اس دوران ان پر تیزاب پھینکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کے اہلخانہ شدید اذیت سے گزر رہے ہیں اور اس واقعے نے پوری فیملی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل گھڑی میں ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہوں اور ڈاکٹر ماہ نور کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں، اللہ تعالیٰ متاثرہ ڈاکٹر اور ان کے والدین کو صبر عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ ہفتے کی دوپہر سنڈیمن اسپتال میں پیش آیا تھا، جہاں ایک شخص نے ڈیوٹی کے دوران ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینک دیا، جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں کراچی منتقل کیا گیا۔
"My sister was attacked with ac*d. It is difficult to comprehend the pain and suffering our family is going through," said Dr. Mahnoor s brother.#TOKReports #CrimeNews #Quetta pic.twitter.com/YGLeZwoubf
— Times of Karachi (@TOKCityOfLights) June 7, 2026
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور تقریباً 13 فیصد جھلس چکی ہیں، جب کہ ان کی آنکھیں بھی متاثر ہوئی ہیں، تاہم خوش قسمتی سے ان کی بینائی محفوظ ہے۔ انہیں پلاسٹک سرجری وارڈ میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد شوبز شخصیات سمیت مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ اور ناقابل برداشت عمل قرار دیا تھا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈی اور وارڈز کا بائیکاٹ کر دیا ہے، جس کے باعث اسپتال میں طبی خدمات متاثر ہو رہی ہیں۔






