تفصیلات کے مطابق ماہ نور صفدر زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے جا رہی ہیں اور ان کے نکاح کی تقریب آج شام 5 بجے جاتی اُمراء میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں خاندان کے قریبی افراد اور عزیز و اقارب کی شرکت متوقع ہے۔
ماہ نور صفدر عموماً میڈیا اور عوامی سرگرمیوں سے دور رہی ہیں، جب کہ شریف خاندان کی جانب سے نکاح کی تقریب کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
ماہ نور صفدر کا رشتہ معروف صنعت کار اور فلور ملنگ انڈسٹری سے وابستہ کاروباری شخصیت جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار سے طے پایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اذان جبار معروف صنعت کار جبار خالد کے بیٹے ہیں، جو فلور ملز انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔
واضح رہے کہ ماہ نور صفدر نے حال ہی میں ستمبر 2026 میں لندن کی معروف ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اینتھروپولوجی میں بی ایس کی ڈگری مکمل کی ہے۔
مریم نواز اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں اور بدھ کے روز لاہور واپس پہنچی تھیں۔ گریجویشن کے موقع پر مریم نواز نے اپنی بیٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہ نور کی گریجویشن ان کے اور خاندان کے لیے خوشی کا موقع ہے۔
اس سے قبل مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی جنوری میں شازے علی روہیلے سے ہوئی تھی۔ ان کی شادی کی تقریبات میں مہندی، بارات اور ولیمہ شامل تھے۔
ماہ نور صفدر کے نکاح کی تقریب اس کے برعکس محدود، سادہ اور صرف قریبی خاندان اور عزیز و اقارب تک رکھنے کا امکان ہے۔







