ذرائع کے مطابق لیز پر حاصل کیا گیا یہ طیارہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ یہ پاکستان کی کسی بھی ایئرلائن کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بوئنگ 787 ڈریم لائنر ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے اپنی انتظامی ٹیم کے ہمراہ طیارے کا استقبال کیا۔

ایئرلائن حکام کے مطابق بوئنگ 787 جدید ٹیکنالوجی، ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم اور کشادہ و آرام دہ کیبن کی سہولیات سے لیس ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈریم لائنر کی شمولیت ایئرلائن کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بین الاقوامی روٹس و نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ایئرلائن کی آپریشنل صلاحیت اور ساکھ میں بھی بہتری لانے میں مدد ملے گی۔