وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار نفرت، عدم برداشت اور مایوسی کی تاریکی پر روشنی، امید اور پرامن بقائے باہمی کی فتح کی علامت ہے۔
وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ دیوالی کی روشنیاں انسانی تعلقات اور سماجی زندگی میں امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہیں۔ ان کے بقول روشن، خوشحال اور پرامید مستقبل پر یقین اس تہوار کی بنیادی روح ہے۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان کی ہندو برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے قومی تانے بانے کا ایک اہم اور قابلِ احترام حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں ہندو برادری کا کردار قابلِ قدر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے مذہبی اور شہری حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور حکومت مذہب، رنگ اور نسل سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے وقار اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے عقائد کے احترام کو فروغ دینا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک پرامن، جامع اور خوشحال ملک بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، جہاں مختلف ثقافتوں کا احترام کیا جائے اور تمام شہریوں کو تعلیم اور معاشی ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں دیوالی منانے والے شہری یہ تہوار اپنی روایات کے مطابق جوش و خروش سے منائیں گے اور معاشرے میں امن، باہمی احترام، خوشحالی اور امید کا پیغام پھیلائیں گے۔







