سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 23 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران سب سے اہم کامیابی ساہیوال میں حاصل ہوئی، جہاں انڈین انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ سے مبینہ طور پر وابستہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جس میں 7 آئی ای ڈیز، 26 ڈیٹونیٹرز اور 48 فٹ فیوز وائر شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے تمام دہشت گردوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 22 مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 4 ہزار 690 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ترجمان کے مطابق کڑی اسکریننگ کے نتیجے میں 402 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی اور منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور مشتبہ عناصر کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔