حلف برداری کی تقریب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت اعلیٰ حکومتی اور سفارتی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ تقریب کے بعد راجح بن طامی البقمی کی بطور سفیر تقرری کے عمل کو باضابطہ طور پر مکمل کر دیا گیا، جبکہ وہ جلد اسلام آباد پہنچ کر اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

سعودی حکام کے مطابق راجح بن طامی البقمی کو سفارتی اور انتظامی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ ماضی میں بھی مختلف ممالک میں اہم سفارتی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں اور بین الاقوامی تعلقات، علاقائی تعاون اور خارجہ امور سے متعلق گہرا تجربہ رکھتے ہیں۔

پاکستان میں ان کی تعیناتی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سرکاری دوروں، مشترکہ اقتصادی منصوبوں، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھی مختلف معاہدوں پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

یاد ر ہے کہ نئے سعودی سفیر کی تعیناتی سے اسلام آباد اور ریاض کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی روابط کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے،دونوں ممالک خطے کے اہم امور، اسلامی دنیا کے مشترکہ مسائل اور باہمی مفادات کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

مزید پڑھیں: کویت کے وزیرِ خارجہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

واضح رہے کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں، جبکہ نئے سفیر کی آمد سے سرمایہ کاری، تجارتی تعاون، ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو بھی مزید فروغ ملنے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے، جبکہ نئے سعودی سفیر اس سلسلے میں اہم سفارتی کردار ادا کریں گے۔