وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں میر رضا قتل کیس سے متعلق انکوائری کمیشن کی رپورٹ جمع کرانے کی مدت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کے فیصلے کے مطابق کمیشن اب 15 اکتوبر تک اپنی رپورٹ حکومت کو جمع کراسکے گا۔

اجلاس میں کابینہ کو کمیشن کی اب تک کی کارروائی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں وسیع پیمانے پر کارروائی کی جاچکی ہے جبکہ مختلف متعلقہ افراد اور گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق کمیشن کی کارروائی کے دوران درجنوں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، جبکہ کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کمیشن کو مزید وقت دینے کا مقصد تحقیقات کے باقی مراحل مکمل کرنا اور شواہد و بیانات کی روشنی میں سفارشات مرتب کرنا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات مکمل کرنے، تمام متعلقہ معاملات کا جائزہ لینے اور حتمی سفارشات تیار کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی تھی، جسے سندھ کابینہ نے منظور کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی جانب سے گواہوں کے بیانات مکمل کرنے اور تحقیقاتی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے 15 اکتوبر تک توسیع کی درخواست کی گئی تھی۔ کمیشن کے خط کی روشنی میں محکمہ داخلہ سندھ نے رپورٹ جمع کرانے کی مدت میں توسیع کی سمری تیار کرکے کابینہ کو بھجوائی تھی۔

سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد کمیشن کو مقررہ مدت کے دوران اپنی کارروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ رپورٹ میں تحقیقات کے نتائج اور کیس سے متعلق سفارشات شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

حکومت کی جانب سے کمیشن کو دی گئی اضافی مہلت کے بعد اب تحقیقات کے باقی مراحل مکمل کرنے اور حتمی رپورٹ مرتب کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی