مقدمہ درج ہونے، متاثرہ خواتین کے مجسٹریٹ کے سامنے بیانات، ملزمان کی گرفتاری، جسمانی ریمانڈ اور سامنے آنے والے مختلف دعوؤں نے اس کیس کو کئی سوالات کے بیچ لا کھڑا کیا ہے۔
آخر یہ کہانی کہاں سے شروع ہوئی؟ دونوں خواتین پاکستان کیوں آئیں؟ پولیس اب تک کیا کہتی ہے؟ اور کون سے سوالات ابھی جواب طلب ہیں؟
کہانی کا آغاز
پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق دونوں خواتین کی مرکزی ملزم رضا ڈار سے پہلی ملاقات اکتوبر 2025 میں سنگاپور میں ہوئی۔ الزام ہے کہ اسی ملاقات کے بعد ان کے درمیان تعلقات قائم ہوئے اور بعد میں خواتین کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق ویزوں کے انتظامات بھی مبینہ طور پر ملزم کی جانب سے کیے گئے۔ دونوں خواتین 29 جون 2026 کو لاہور پہنچیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ دوستوں سے ملاقات اور کاروباری معاملات کے سلسلے میں پاکستان آئی تھیں۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش میں کرپٹو کرنسی اور مالی لین دین کا پہلو بھی زیرِ تحقیق ہے، تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
لاہور پہنچنے کے بعد کیا ہوا؟
ایف آئی آر میں خواتین نے الزام لگایا ہے کہ ایئرپورٹ سے نکلنے کے بعد انہیں ایک رہائش گاہ پر لے جایا گیا، جہاں انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا گیا۔ انہیں کئی گھنٹوں تک محبوس رکھا گیا، تشدد کیا گیا، رہائی کے بدلے بھاری رقم طلب کی گئی اور متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
ایف آئی آر میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے تقریباً 15 لاکھ امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
مدد کی پہلی کال کیسے پہنچی؟
کیس کا اہم موڑ اس وقت آیا جب پولیس ایمرجنسی 15 پر اسپین سے ایک فون کال موصول ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ کال متاثرہ خواتین میں سے ایک کے والد نے کی، جنہوں نے اپنی بیٹی کے اغوا کی اطلاع دی۔
اس اطلاع کے بعد لاہور پولیس نے کارروائی شروع کی، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مشتبہ افراد کا سراغ لگایا اور چند گھنٹوں کے اندر دونوں خواتین کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا جب کہ ایک ملزم فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
عدالت میں خواتین نے کیا کہا؟
بازیابی کے بعد دونوں خواتین کو مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش کیا گیا۔ عدالتی کارروائی بند کمرے میں ہوئی، تاہم بعد ازاں مختلف میڈیا اداروں میں متاثرہ خواتین کے مبینہ بیانات کے کچھ حصے سامنے آئے۔
ان میں سے ایک خاتون نے الزام لگایا کہ مسلح افراد نے انہیں باندھا، تشدد کیا، اسلحے کے بٹ سے مارا اور انکار کے باوجود جنسی زیادتی کی۔ دوسرے بیان میں بھی اغوا، تشدد، تاوان اور جنسی زیادتی کے الزامات دہرائے گئے۔
ان بیانات کی مکمل عدالتی تصدیق ابھی منظرِ عام پر نہیں آئی ہے، تاہم پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دونوں خواتین نے اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیے ہیں۔
پولیس کی تفتیش کس طرف جا رہی ہے؟
تحقیقات کے دوران پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔ پراسیکیوشن نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تاکہ پولیس مزید شواہد اکٹھے کر سکے، فرانزک معائنہ مکمل کرے اور فرار ملزم کی گرفتاری کی کوشش جاری رکھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کے تمام پہلوؤں، بشمول مبینہ مالی تنازع، ڈیجیٹل شواہد، موبائل فونز، سفری ریکارڈ اور فرانزک رپورٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سیاسی رنگ کیسے آیا؟
کیس اس وقت مزید ہائی پروفائل بن گیا جب مختلف میڈیا رپورٹس اور بعض سیاست دانوں نے دعویٰ کیا کہ مرکزی ملزم ایک سینئر سیاسی شخصیت کا قریبی رشتہ دار ہے۔
حزبِ اختلاف کے بعض رہنماؤں نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، جب کہ حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ قانون اپنی کارروائی کرے گا اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کی سرکاری بریفنگ میں ملزمان کے سیاسی تعلق پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
Lahore; Raza Dar Family melmber of deputy PM Ishaq Dar involved in kidnapping and sexual assault of two foreign women. FIR has been filed in Defence police station on complaint of Holland national women pic.twitter.com/H75FSup2Rt
— Hira Waheed (@hirawaheed93) July 2, 2026
اب کیس کہاں کھڑا ہے؟
فی الحال کیس تحقیقاتی مرحلے میں ہے۔ چار ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں۔ ایک ملزم کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ خواتین کے بیانات قلم بند کیے جا چکے ہیں۔
میڈیکل اور فرانزک رپورٹس تفتیش کا حصہ ہیں۔ پولیس مزید ڈیجیٹل اور مالی شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔ عدالت میں آئندہ سماعت پر پولیس اپنی پیش رفت رپورٹ پیش کرے گی۔
سوالات؛ جن کے جواب ابھی باقی ہیں
اگرچہ مقدمہ درج ہو چکا ہے اور گرفتاریاں بھی عمل میں آ چکی ہیں، لیکن کئی اہم سوالات اب بھی جواب طلب ہیں۔ کیا یہ واقعہ صرف ایک مجرمانہ کارروائی تھا یا اس کے پیچھے کوئی مالی تنازع بھی موجود تھا؟ مبینہ تاوان کا اصل پس منظر کیا تھا؟
فرانزک شواہد متاثرہ خواتین کے الزامات کی کس حد تک تائید کرتے ہیں؟ اور سب سے بڑھ کر، کیا استغاثہ عدالت میں ایسے شواہد پیش کر سکے گا جن کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہو سکیں؟
ان تمام سوالات کا حتمی جواب عدالت میں پیش ہونے والے شواہد اور عدالتی فیصلے سے ہی سامنے آئے گا۔ فی الحال یہ ایک زیرِ تفتیش مقدمہ ہے اور قانون کے مطابق تمام ملزمان اس وقت تک بے گناہ تصور کیے جاتے ہیں جب تک عدالت انہیں جرم کا مرتکب قرار نہ دے۔






