فائنل 24 اکتوبر کو اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے کوالیفائی کرنے والی 295 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

منتظمین کے مطابق گرینڈ فائنل میں بنو قابل پاکستان کے پیٹرن ان چیف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، چین کے سفیر، علی بابا کلاؤڈ کے نائب صدر، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندگان اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

ہیکاتھون کے لیے ملک بھر سے 16 ہزار سے زائد منصوبے موصول ہوئے، جن کے مختلف ضلعی اور علاقائی مراحل کے بعد 295 ٹیموں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ ان ٹیموں سے وابستہ 244 خواتین اور 467 مرد شرکاء گرینڈ فائنل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

تقریب میں نوجوانوں کے تیار کردہ منصوبوں اور مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کے امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عملی مسائل کے حل کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے ڈیٹا انفراسٹرکچر اور مصنوعی ذہانت کو مستحکم کرنے کے لیے قومی پلیٹ فارم بنا لیا

منتظمین نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 60 ہزار امریکی ڈالر کے انعامات مختص کیے ہیں۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ان میں 30 ہزار ڈالر نقد انعامات جب کہ 30 ہزار ڈالر اکاؤنٹس کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔

انعامات کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، ان کی تکنیکی صلاحیتوں کا اعتراف اور مصنوعی ذہانت پر مبنی منصوبوں کی مزید ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔