فرض کریں ایک شخص سرکاری دفتر میں کھڑا ہے۔ اس کے ہاتھ میں کاغذات ہیں اور جیب میں محدود رقم اور ذہن میں کئی خدشات ہیں۔ اب اسے اپنا کام کروانا ہے، اس لیے وہ ایک کھڑکی سے دوسری کھڑکی تک جاتا ہے۔ کبھی اسے بتایا جاتا ہے کہ ایک دستاویز کم ہے، کبھی یہ کہ متعلقہ افسر موجود نہیں اور کبھی اسے اگلے دن آنے کا مشورہ دے دیا جاتا ہے۔ اس کے لیے وقت بھی خرچ ہوتا ہے پیسہ بھی اور عزت نفس بھی۔ مگر اسی ریاست کے کسی بااثر شخص کا معاملہ ہو تو دفتری نظام کی رفتار، قواعد کی تشریح اور سہولتوں کی دستیابی کے بارے میں منظر مختلف دکھائی دے سکتا ہے۔
ہمارے ہاں مراعات پر ہونے والی بحث اکثر اس سوال تک محدود کر دی جاتی ہے کہ فلاں سہولت کسی عہدے دار کو ملنی چاہیے یا نہیں۔ حالانکہ زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ اس سہولت کا جواز کیا ہے اس کی حدود کون طے کرتا ہے اور اس کا حساب کس کے سامنے دیا جاتا ہے؟ کسی منصب کے ساتھ کچھ انتظامی سہولتیں وابستہ ہونا غیر معمولی بات نہیں۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب منصب خدمت کی ذمہ داری کے بجائے خصوصی حیثیت کا سرٹیفکیٹ بننے لگے اور سہولت کی وضاحت مانگنا بھی جیسے کسی کی توہین سمجھا جانے لگے۔
اب بلیو پاسپورٹ ہی کی مثال لے لیجیے۔ پاسپورٹ کا رنگ بذاتِ خود کوئی بڑا قومی مسئلہ نہیں اور نہ کسی سرکاری عہدے دار کو سفری سہولت ملنے پر ہر حال میں اعتراض کیا جا سکتا ہے۔ لیکن جب ایسے معاملات عوامی بحث میں آتے ہیں تو وہ اپنے ساتھ ایک بڑا سوال بھی لے آتے ہیں۔ کیا ہمارے منتخب نمائندوں کے نزدیک عہدے کی اہمیت اس ذمہ داری سے بنتی ہے جو انہیں عوام نے سونپی ہے یا ان سہولتوں سے جو اس عہدے کے ساتھ حاصل کی جا سکتی ہیں؟
کسی منتخب نمائندے کو سفر میں آسانی ملنے سے عام شہری کا کوئی حق خودبخود ختم نہیں ہو جاتا لیکن اگر ریاست کی توجہ اپنے طاقت ور طبقات کے لیے سہولتیں بڑھانے پر زیادہ اور عام شہری کے لیے بنیادی خدمات بہتر بنانے پر کم دکھائی دے تو اعتماد ضرور کمزور ہوتا ہے۔ لوگ پھر پاسپورٹ کے رنگ پر بحث نہیں کرتے وہ اس رنگ کے پیچھے موجود ترجیحات پڑھنے لگتے ہیں۔
یہاں سوال بلیو پاسپورٹ کا نہیں بلکہ اس سوچ کا ہے جو عہدے کو عوام کی خدمت سے زیادہ اپنی سہولت کا ذریعہ سمجھنے لگتی ہے۔ سینیٹر پارلیمان میں عوام کی نمائندگی کرنے جاتا ہے کسی شاہی خاندان کا فرد بن کر نہیں۔ اگر اسے سرکاری ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے کوئی سہولت درکار ہے تو اس کا جواز موجود ہونا چاہیے۔ لیکن اگر ہر عہدے کے ساتھ ایک نئی رعایت اور ہر منصب کے ساتھ ایک نیا استحقاق جوڑنا ضروری سمجھا جائے تو پھر یہ بھی پوچھا جائے گا کہ آخر ان عہدوں کا مقصد عوام کی خدمت ہے یا عہدے داروں کے لیے سہولتوں کا ایک الگ نظام قائم کرنا؟







