تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ قادریہ حکیم العلوم مدرسے میں اس وقت سامنے آیا جب پنکھا خراب ہونے پر اسے مرمت کے لیے ایک دکان پر لے جایا گیا۔ دکان پر موجود مکینک نے پنکھے پر درج میڈ اِن پاکستان کا لیبل دیکھ کر اس کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا کہ پاکستانی ساختہ پنکھا انڈین ادارے تک کیسے پہنچا۔

کشی نگر کا علاقہ چونکہ نیپال کی سرحد کے قریب واقع ہے، اس لیے معاملے کو ابتدائی طور پر حساس نوعیت کا سمجھا گیا اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف آراء سامنے آئیں، جہاں کچھ صارفین نے اسے سکیورٹی خدشہ قرار دیا، جب کہ دیگر نے اسے پرانی درآمد شدہ یا معمول کا سامان قرار دیا۔

دورانِ بحث بعض صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ مئی 2025 کے بعد پاکستان سے انڈیا میں براہِ راست درآمد پر پابندی عائد ہے، جس کے باعث معاملے کے وقت اور ذریعۂ ترسیل کی وضاحت ضروری سمجھی گئی۔

پولیس نے تفتیش کے دوران مدرسے کے منتظم محمد یونس اور ڈونر شمس الدین سے پوچھ گچھ کی۔ بعد ازاں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق یہ پنکھا شمس الدین کے بیٹے واجد انصاری نے 2020 میں سعودی عرب سے تقریباً 80 ریال میں خریدا تھا، جو کارگو کے ذریعے گھر بھجوایا گیا اور بعد میں 2023 میں مدرسے کو عطیہ کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق دستاویزات اور وضاحتیں سامنے آنے کے بعد معاملے میں کسی مشکوک پہلو کی نشاندہی نہیں ہوئی، جس کے بعد زیرِ حراست افراد کو رہا کر دیا گیا۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر پیدا ہونے والی بحث کے بعد ایک بار پھر یہ سوال چھوڑ گیا ہے کہ بعض اوقات ایک معمولی سی چیز بھی کس طرح بڑے تنازع اور قیاس آرائیوں کا سبب بن سکتی ہے۔