علی محمد خان نے کہا کہ اگر عمران خان اس معاملے پر نظام کے ساتھ کھڑے ہوگئے تو پھر ریفرنڈم کرانے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبوں کے حوالے سے کسی بھی اہم فیصلے یا پیش رفت کے لیے بانی پی ٹی آئی کو اعتماد میں لینا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے براہِ راست مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی گفتگو بظاہر اچھی ہے اور وہ جن حالات اور ناانصافیوں کی نشاندہی کر رہے ہیں، ان پر بھی بات ہونی چاہیے، تاہم ان کے بقول خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کا اقدام خود پیپلز پارٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

علی محمد خان نے الزام عائد کیا کہ بلاول بھٹو کو اب بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی اس وقت محسوس ہو رہی ہے جب ان کی اپنی سیاسی مشکلات بڑھ رہی ہیں، قوم محض سیاسی بیانات اور دعوؤں سے مطمئن نہیں ہوگی بلکہ عملی اقدامات دیکھنا چاہتی ہے۔

انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے مؤقف میں سنجیدہ ہیں تو انہیں اپنے گورنر سے بھی کہنا چاہیے کہ وہ پیچھے ہٹ جائیں۔ علی محمد خان نے سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کا سیاسی وولٹیج پہلے ہی 440 سے کم ہوکر 140 پر آگیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے ایک بار پھر اپنے مطالبے کا اعادہ کیا کہ صوبوں کے معاملے پر فیصلہ کن پیش رفت کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے براہِ راست رابطہ کیا جائے، کیونکہ ان کے خیال میں اس معاملے میں عمران خان کا مؤقف اہمیت رکھتا ہے۔