پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام ایک بار پھر تبدیل کرکے اس کا سابقہ نام ’ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم‘ بحال کر دیا گیا ہے۔
محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز پشاور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹیڈیم کا سابقہ نام بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھا تھا، تاہم اب اسے دوبارہ اس کے پرانے نام سے پہچانا جائے گا۔
اسٹیڈیم کا نام عمران خان کے نام پر کیوں رکھا گیا تھا؟
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نے فروری 2025 میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کی منظوری دی تھی۔
اس فیصلے پر مرحوم ارباب نیاز محمد کے اہل خانہ اور مختلف سیاسی شخصیات کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے تھے۔
اعتراضات کے باوجود اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے منصوبے کے تحت 6 اپریل 2025 کو وہاں عمران خان کے نام کی نئی تختی نصب کر دی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی صوبائی حکومت کو اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر عمران خان سے بات کریں گے۔
ارباب نیاز اسٹیڈیم میں آخری بین الاقوامی میچ کب ہوا تھا؟
پشاور کا ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم 1984 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس میں 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
یہ خیبر پختونخوا کے بڑے کرکٹ گراؤنڈز میں شمار ہوتا ہے، تاہم 2006 کے بعد یہاں کوئی بین الاقوامی کرکٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔
اس اسٹیڈیم میں آخری مرتبہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلا گیا تھا۔ صوبے میں سکیورٹی خدشات کو طویل عرصے سے یہاں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔
پشاور میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ ہوگا
اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی پشاور میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق بھی اہم اعلانات سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور ایونٹ کا پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ 12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پشاور میں ہونے جا رہی ہے۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین پاکستانی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی سینئر ٹیم، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیم حصہ لیں گی۔
اسٹیڈیم کے سابقہ نام کی بحالی اور پشاور میں پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کے اعلان کو شہر میں کرکٹ کی سرگرمیوں کی واپسی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ارباب نیاز محمد خان کون تھے؟
ارباب نیاز محمد خان کے نام سے تقریباً چار دہائیوں تک پشاور کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم کا نام منسوب رہا۔ ارباب نیاز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نہیں تھے۔ البتہ اس نام کے پیچھے ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کی زندگی فوج، سیاست، بلدیاتی انتظامیہ اور کھیلوں کے فروغ سے جڑی رہی۔
ارباب نیاز محمد خان پشاور کے پہلے میئر رہے اور بعد ازاں وفاقی وزیر برائے ثقافت، کھیل اور سیاحت بھی مقرر ہوئے۔ اُن کا شمار پشاور کے بااثر سیاسی اور انتظامی شخصیات میں ہوتا تھا۔
ارباب نیاز محمد فوج سے وابستہ رہے اور بعد میں عملی سیاست میں آئے، انہیں عموماً کرنل ارباب نیاز کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
ان کی زندگی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ وہ پاکستان کی ابتدائی سیاسی تاریخ کے ایک متنازع واقعے، یعنی راولپنڈی سازش کیس، سے بھی منسلک رہے۔
1951 میں پیش آنے والے اس مقدمے میں فوج کے بعض افسران اور دیگر شخصیات پر حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ بعد ازاں وہ فوج سے الگ ہو کر سیاسی اور انتظامی سرگرمیوں میں شامل ہوئے۔
پشاور کے پہلے میئر کیسے بنے؟
سال 1979 میں پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کے بعد ارباب نیاز محمد خان پشاور کے پہلے میئر منتخب ہوئے۔ یہ وہ دور تھا جب پشاور کی شہری انتظامیہ کو منظم کرنے، بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے اور شہر کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔
اُس وقت پشاور شہر میں کرکٹ کے مقابلے زیادہ تر پشاور کلب گراؤنڈ میں کھیلے جاتے تھے، لیکن وہاں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے مطلوبہ سہولتیں موجود نہیں تھیں۔ اس زمانے میں شاہی باغ میں ایک بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آیا، جسے آگے بڑھانے اور اس کی تکمیل میں ارباب نیاز کا کردار نمایاں تھا۔
مارچ 1981 میں ارباب نیاز محمد خان وفاقی وزیر برائے ثقافت، کھیل اور سیاحت مقرر ہوئے، وہ فروری 1985 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ اسی عرصے میں شاہی باغ کرکٹ اسٹیڈیم کے منصوبے کا آغاز ہوا اور 1984 میں اسٹیڈیم کی تکمیل کے بعد اسے ’شاہی باغ اسٹیڈیم‘ کا نام دیا گیا۔ بعد ازاں یہ پاکستان کے اہم بین الاقوامی کرکٹ میدانوں میں شامل ہو گیا۔







