برمنگھم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بولرز نے جارحانہ آغاز کیا اور انگلینڈ کے دونوں اوپنرز کو پہلے ہی اوور میں پویلین واپس بھیج دیا، جس کے بعد میزبان ٹیم ابتدائی طور پر مشکلات کا شکار ہوگئی۔
انگلینڈ نے 130 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوور کی پہلی ہی گیند پر بین ڈکٹ اور آخری گیند پر ایمیلیو گے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
محمد عباس نے ابتدائی دونوں وکٹیں صرف 2 رنز پر حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنا دیا، تاہم انگلش کپتان جو روٹ اور جورڈن کاکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مزید کسی نقصان کے بغیر فتح دلا دی۔
جو روٹ اور جورڈن کاکس کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 128 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ جو روٹ 62 جبکہ جورڈن کاکس 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز کا ہدف حاصل کیا اور پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش مکمل کرتے ہوئے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 133 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز بنا کر 320 رنز کی بڑی برتری حاصل کی۔
پاکستان نے دوسری اننگز میں 449 رنز بنائے اور انگلینڈ کو مجموعی طور پر 130 رنز کا ہدف دیا، تاہم انگلش ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے میچ اور سیریز دونوں اپنے نام کرلیے۔







