ونڈہوک میں کھیلے گئے فائنل میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ جارڈن ہرمن نے 29 گیندوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
ہرمن نے کونر ایسٹرہائزن کے ساتھ 84 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ ایسٹرہائزن نے 23 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جبکہ ڈیوالڈ بریوس نے 32 اور روبن ہرمن نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 18 اوورز میں 157 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ بریڈ ایونز نے 29 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
ایونز نے کنڈل ماتگیمو کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم کرکے زمبابوے کی مزاحمت جاری رکھی، تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے بیورن فورٹوئن اور ڈوان جانسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایتھن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ نے فائنل میں آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل سہ فریقی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔







