دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے اوپنرز شفالی ورما اور سمرتی مندھنا نے ٹیم کو 129 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ شفالی ورما نے 68 جبکہ سمرتی مندھنا نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ رچا گھوش نے 17 اور کپتان ہرمن پریت کور نے 14 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے متھالی ایودھیا، چماری اتاپتو اور چمودی پرابودا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 20ویں اوور کی آخری گیند پر 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان چماری اتاپتو نے 36 جبکہ نیلاک شیکا سلوا نے 22 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے شری چرانی نے 4 اور دپتی شرما نے 3 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب انڈیا کی ویمن ٹیم نے چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔
محسن نقوی اور دیگر عہدیدار اختتامی تقریب کے لیے اسٹیج پر موجود رہے، تاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم سے تقریب میں شرکت کے لیے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انڈیا کی مینز ٹیم نے بھی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔







