چین کے شہر موگی میں جاری ویمنز ہاکی جونیئر ایشیا کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں انڈیا نے میچ کے آغاز ہی سے پاکستانی دفاع پر بھرپور دباؤ برقرار رکھا اور ساتویں منٹ میں پوجا ساہو نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔
انڈیا نے پہلے ہاف میں پاکستان کے خلاف 10 گول داغے، جب کہ دوسرے ہاف میں مزید 9 گول کرکے اپنی برتری کو 19-0 تک پہنچا دیا۔
پوجا ملک نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی، جب کہ روشنی ایند، سانیکا چندرکانت مانے، مدھو سدار اور سپریا نے 2، 2 گول اسکور کیے۔
پاکستانی ٹیم انڈیا کے مسلسل حملوں کا مؤثر جواب دینے میں ناکام رہی اور پورے میچ کے دوران انڈین ٹیم کے دباؤ میں دکھائی دی۔
اس کامیابی کے ساتھ دفاعی چیمپئن انڈیا نے مسلسل تیسری بار ویمنز جونیئر ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے کی امید برقرار رکھی ہے۔ واضح رہے کہ انڈیا کی ویمنز جونیئر ٹیم 2023 اور 2024 کے ایڈیشنز میں بھی چیمپئن رہ چکی ہے۔







